لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں پولیس چہلم امام حسین اور داتا علی ہجویری کے عرس کی سیکورٹی میں مصروف رہی تو پتنگ باز دل کھول کر پتنگ بازی کرتے ہوئے منی بسنت مناتے رہے ، ساندہ کے علاقہ میں کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے 25 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان ہلاک ہو گیا، 25 سالہ نوجوان عثمان خالد گلے پر ڈور پھرنے سے ہلاک ہو گیا، عثمان خالد موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی کٹی پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے گرگیا، ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی مگر زیادہ خون بہہ جانے کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق متوفی نوناریاں چوک گلشن راوی کا رہائشی تھا، لواحقین نے نوجوان کی موت پر احتجاج کرتے ہوئے فوری ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن(ر) محمد اجمل سے رپورٹ طلب کرلی، شہر کے مختلف علاقوں مزنگ، لٹن روڈ، گلشن راوی، ملت پارک ، سمن آباد، اچھرہ، شادباغ، مصری شاہ، نولکھا، گجر پورہ، شالیمار، شاہدرہ، بادامی باغ، راوی روڈ، ہنجروال، سبزہ زار، مصطفی ٹائون، مصطفی آباد، غازی آباد، ہربنس پورہ، کوٹ لکھپت، نشتر کالونی، گارڈن ٹائون، فیصل ٹائون، جوہر ٹائون میں پتنگ بازی ہوتی رہی۔پولیس کے مطابق سال 2018 میں پتنگ بازی پر 2 ہزار 189 اور رواں برس اب تک 3 ہزار 883 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔