لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور رنگ روڈ کے تیسرے مرحلہ کی منظوری دیدی ،معاہدہ رواں ماہ ہوگا۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کامنصوبہ جلد شروع ہوگا اورسدرن لوپ فور پراجیکٹ کی تیاری شروع کی جارہی ہے ۔لاہور رنگ روڈاتھارٹی اوراین ایل سی کے درمیان سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط رواں ماہ ہوں گے ۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔8کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری موٹر ویز طرزپر6رویہ تعمیر کی جائے گی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ 12ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف لاہور میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ بیرونی ٹریفک کو بھی سہولت ہوگی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ نیشنل لاجسٹک سیل بنا کر آپریٹ کرے گی۔حکومت پنجاب اوراین ایل سی کے درمیان لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کی تعمیر کے معاہدے پردستخط جون کے دوسرے ہفتے میں ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران لاہور سدرن لوپ فور کے منصوبہ شروع کرنے کی تیاری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔سدرن لوپ فور کے ذریعے ملتان روڈسے ایم تھری تک لنک کیا جائے گا۔سدرن لوپ فور بننے سے 90کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مزید کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔متعلقہ ادارے و محکمے موثر منصوبہ بندی کرکے ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب افتخار علی سہو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران صوبے میں گڈ گورننس اورعوام کو بہترین سروسز کی فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں کورونا،ٹڈی دل،گندم خریداری اوربجٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی امور میں بہتری لانے پر چیف سیکرٹری کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی ،ممتاز ادیب اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے میرا نشاہ میں مدرسے کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ۔