لاہور، حافظ آباد، ڈی آئی خان ( کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز) اسلام پورہ لاہور میں ناجائز تعلقات قائم رکھنے سے منع کرنے کے تنازع پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو بھائیوں کو قتل کردیا ، فائرنگ سے دوراہگیر بھی زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیاگیا، مقدمہ درج کرلیا گیا، یاسراور اسکے بھائی یونس کا عمران سے چند روز قبل جھگڑا ہوا تھا، پولیس کا کہنا ہے عمران کے یاسر کی بیوی سے ناجائز تعلقات تھے ، یاسر نے عمران کو منع کیا جس پر ان میں جھگڑا ہوا ، ہفتہ کے روز عمران اپنے بھائی ناصر ساتھ کرشن نگر بازار سے گزر رہا تھا ، یاسر اور یونس بھی وہاں آگئے ، تلخ کلامی ہوئی تو عمران نے اپنے پستول سے فائرنگ کردی ، یاسر اور یونس موقع پر ہلاک ہوگئے ، راہگیر بشیر اور عمیر زخمی ہوگئے ، ملزمان فرار ہوگئے ، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ اقبال ٹاؤن لاہور میں گند ے نالے سے 18 سالہ نامعلوم لڑکی کی لاش مل گئی، شبہ ظاہرکیا جا رہا ہے مقتولہ کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش گندے نالے میں پھینکی گئی ہے ، نیلم بلاک میں گندے نالے میں لڑکی کی لاش پڑی تھی جسے دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، مقامی مساجد میں اعلان کرائے گئے تاہم اس کی شناخت نہ ہوسکی، لاش مردہ خانہ میں جمع کرا دی گئی ہے ۔ حافظ آباد میں رشتہ نہ ملنے کی رنجش پر نوجوان نے شادی شدہ خاتون کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا، مقدمہ درج کرلیا گیا، تھانہ کسوکی کے علاقہ موضع شمیر میں علی ثقلین حمیرا سے شادی کا خواہش مند تھا ، لڑکی کے والدین نے دو سال قبل اس کی شادی کسی دوسری جگہ کر دی، مقتولہ اپنے میکے آئی تو ملزم نے اسے دیکھتے ہی فائرنگ کرکے زخمی کردیا، حمیرا کو ٹراما سنٹر حافظ آباد لے جایا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ کتھی کے قریب ملزم سے غیرت کے نام پر 38 سالہ پڑوسی امین اﷲ کو قتل کردیا، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، مقتول جنوبی وزیرستان کا تھا اور اب حال پندرہ میل میں مقیم تھا، اسی علاقے کے ملزم نور عالم نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش اعتراف جرم کرلیا اور انکشاف کیا کہ مقتول کے اس کی بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے ، میں نے موٹر سائیکل کی خریداری کے بہانے امین اﷲ کو بائیک پر ساتھ بٹھایا اور تھانہ ٹاؤن کی حدود کتھی کے قریب لے جاکر فائرنگ کرکے مار دیا۔