لاہور(سپیشل رپورٹر‘کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے عام انتخابات کو پُر امن بنانے اور تمام سرگرمیوں کومانیٹرکرنے کیلئے نئی سمارٹ ایپ متعارف کرا دی ، سمارٹ ایپ میں لاہور کے تمام پولنگ سٹیشنز، ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں اور متعلقہ افسران کے نام و رابطہ نمبرز کا اندارج کر دیا گیا ہے ۔سمارٹ ایپلیکیشن میں تمام پولنگ سٹیشنز کو جیو ٹیگ کر لیا گیا ہے ۔کوئی بھی پولیس آفیسر سمارٹ ایپ کے ذریعے کسی بھی پولنگ سٹیشن کو لوکیٹ کرکے اسکا دورہ آسانی سے کر سکتا ہے ۔متعلقہ پولیس آفیسر پولنگ ڈے پر سمارٹ ایپ کے ذریعے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنائے گا۔سمارٹ ایپلی کیشن میں کسی بھی جگہ ہنگامہ آرائی کی صورت میں متعلقہ پولیس افسر کو اطلاع دینے کے لئے خصوصی پنک بٹن کی آپشن دی گئی ہے ۔پنک بٹن دبتے ہی متعلقہ علاقے کے پولیس افسران ،پی آر یو کی گاڑی ،اینٹی رائٹ یونٹ کے اہلکاراور ڈولفن سکواڈکے اہلکار فوراً موقع پر پہنچ جائینگے ۔پولیس اہلکاروں کا ٹرن آئوٹ اور وقت پر کھانے کی سروس بھی اسی سمارٹ ایپ سے مانیٹر کی جاسکے گی۔انچارج اوپس روم انسپکٹر اسد چیمہ نے ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر کو سمارٹ ایپ کی ورکنگ بارے مکمل بریفنگ دی ۔سمارٹ ایپ سے پولنگ ڈے پر سرکاری امور کی انجام دہی میں کافی حد تک مد د حاصل ہوگی۔