لاہور(کامرس رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ، این این آئی)ضلعی انتظامیہ لاہور اور سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا اور شہر کے تمام سپر سٹورز پر ڈی سی کاؤنٹرز اور ریٹس پر اشیا کی فروخت کوبحال کردیا گیا۔گزشتہ روزضلعی انتظامیہ لاہور کے سپر سٹورز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے جن میں ڈی سی لاہور دانش افضال نے سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے صدر احمد نواز اور جنرل سیکرٹری عمران سلیمی کو انکے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔جس پرسپر سٹورز مالکان ڈی سی کاؤنٹر لگانے کیلئے راضی ہو گئے ۔اس حوالے سے سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے صدر احمد نواز اور جنرل سیکرٹری عمران سلیمی کا کہنا تھا کہ تمام اشیائے خورونوش ڈی سی ریٹ پر فروخت کرینگے ۔ منڈی کے ریٹ سے کم ریٹ پر ہمیں اشیا بیچنے پر مجبور نہ کیا جائے اور مجسٹریٹس کی طرف سے جان بوجھ کرچھاپے نہ مارے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ہماری بات مان لی ہے ، ڈی سی کائونٹرز سے شہری اشیاخرید سکیں گے ۔پرایس کنٹرول کمیٹی میں سپر سٹور زکے صدر اور جنرل سیکرٹری کو بھی نمائندگی دی جائیگی ۔ گرفتاریوں،ہراساں کرنے او ر جرمانوں سے متعلق بھی بات ہوئی ہے ۔ڈی سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آج کے بعد ناجائز گرفتاری اور جرمانے نہیں کئے جائینگے ،ہم نے تمام سٹورز پر ڈی سی ریٹس پر اشیا رکھ دی ہیں۔سپر سٹورز دالیں، سبزیاں اور دیگر اشیا ڈی سی کائونٹرز پر فروخت کرینگے ۔جنرل سیکرٹری سپر سٹورز ایسوسی ایشن عمران سلیمی نے کہا کہ ہم نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے مطالبات بتا دیئے ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرینگے ۔