لاہور ( سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے )بادشاہی مسجد لاہور کے سابق خطیب و امام مولانا ڈاکٹر سید عبد القادر آزاد ؒ کی یاد میں مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ ’’داعی اِتحاد اُمت کانفرنس‘‘ہوئی جس کی صدارت خطیب و امام باد شاہی مسجد وچیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزادنے کی ،جبکہ مہمانان خصوصی میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ،سیکرٹری اوقاف ذو الفقار گھمن اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری تھے ۔داعی اِتحاد اُمت کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و قائدین اور ممتاز دانشور حضرات نے شرکت کی اورخطابات کئے اوراپنے خطابات میں مولانا عبدالقادر آزاد کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سید عبد القادر آزادکی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا، اسلام تفرقوں، فرقہ بندی اور غیروں کی غلامی کو چھوڑ کر ایک اﷲ کی غلامی پر جمع ہونے کا نام ہے ،وقت کا تقاضا ہے کہ ہم تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر باطل قوتوں کو پاش پاش کریں۔انہوں نے کہا لاہور میں جدید اور معیاری سیرت و تصوف یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ تمام درباروں پر تصوف اکیڈمیوں کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جائے گا۔ مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا میرے والد سید عبد القادر آزاد نے ریاست اور اداروں کے خلاف بغاوت اور مسلح جدو جہد کو حرام قرار دیا تھا۔مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ’’پیغام پاکستان‘‘ روشن پاکستان کی ضمانت ہے ،پوری قوم حکومت ،افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارں کے آپریشن رد الفساد کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے ۔آخر میں تمام علماء و حاضرین نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔