لاہور(نیٹ نیوز) سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کی ڈیڑھ دہائی پرانی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے دکھائی دے رہے ہیں، اس وقت عمران خان رکن اسمبلی تھے ۔انہوں نے 14 سال قبل 2006 میں بھارتی دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے ’این ٹی ڈی وی‘ کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی۔پروگرام کے دوران جب میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہیں بالی و وڈ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی؟ جس پر عمران پہلے تو مسکرائے اور پھر جواب دیا کہ عین ممکن ہے کہ ان کی بات پر لوگوں کو یقین نہ آئے لیکن انہیں ایک معروف اداکار نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی۔ عمران نے میزبان کے اصرار پر لیجنڈ اداکار دیو آنند کا نام لیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی اور وہ انہیں پیش کش کرنے کیلئے انگلینڈ آئے تھے تاہم انہوں نے دیو آنند کی پیش کش ٹھکرادی کیوں کہ انہیں لگتا تھا کہ وہ اداکاری نہیں کر سکتے ۔عمران خان کی پرانی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خبر نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارتی و عالمی میڈیا نے بھی شائع کیں۔