پشاور (92نیوز )وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو ملازمت میں توسیع دینا قومی فریضہ تھا اس لیے تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر یہ قومی فریضہ انجام دیا۔انہوں نے کہا آرمی ایکٹ میں ترمیم تعویذوں کے ذریعے ہوئی جو کام سیدھے طریقے سے نہیں ہورہا تھا وہ کام ہم نے داتا دربار کے سوالاکھ تعویزوں کے ذریعے کیا،مستقبل میں بھی جب ان کی ضرورت پڑی ہم ان سے کام لیں گے ،وزیراعظم اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح آج کرینگے ۔کے پی سے کراچی کیلئے عنقریب نئی ٹرین شروع کررہے ہیں جو درگئی سے چلانے پر غور کیاجارہا ہے جبکہ افغانستان کے ساتھ تجارت کیلئے لوئے شلمان کے راستے نیا ٹریک بچھایا جارہا ہے ۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ا یم ایل ون میں ایک لاکھ افراد کونوکریاں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا ن لیگ اور پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کر یں گی، عمران خان کا ایجنڈا احتساب ہے ، مارچ کے بعد احتساب اپنی اصل شکل میں آجائے گا،فضل الرحمن نے دسمبر کی بات کی تھی لیکن دسمبر گزر گیا، پتا نہیں وہ کون سے دسمبر کی بات کررہے تھے ،پاکستان کو خطے میں نئی ذمہ داریاں ملنے جا رہی ہیں ۔شیخ رشید احمدنے کہا کہ میں سیاست کاابابیل ہوں، شہباز شریف میر ادوست ہے اس کیخلاف کچھ نہیں بولوں گا۔ شیخ رشید سے ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی ویڈیو سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ اچھے لوگوں کے موجودگی میں اچھا سوال کریں، ایسے سوالات سے یہ لوگ سر چڑھتے ہیں۔