پشاور(92نیوز)سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاہے کہ اسلام کے نام پرحکومت پر نشترچلانے والوں کوصرف کرسی کی فکرہے ، پانچویں سے نویں جماعت تک نصاب میں نبی کریمﷺ کی سیرت پر مشتمل مضامین شامل کئے جائیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل بٹاکاراضلع صوابی میں گورنمنٹ پرائمری سکول اور پیہورہاملیٹ روڈکے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ دورحکو مت میں وہ تمام اقدامات کئے جارہے ہیں جوماضی میں نام نہاددینی جماعتوں کے دوراقتدارمیں نہیں ہوئے ، سود کیخلاف قانون پاس کرنااورمساجدمیں سولرسسٹم لگانابھی تحریک انصاف حکومت کی مرہون منت ہے ۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے واحدلیڈرہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کیخلاف بھی آوازاٹھائی۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺکے ایک بال کے بدلے دنیاجہان کی مال ودولت کوبھی خس سمجھتے ہیں، نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخی کسی صورت بھی برداشت نہیں۔ سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ اسلام کے نام پرحکومت کیخلاف نشترچلانے والوں کواسلام کانہیں اپنی کرسی کی فکرہے ،اسلام کوالحمداللہ کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک مجھ میں جان ہے دین کوخطرہ تودورکی بات ایک لفظ بھی کوئی تبدیل نہیں کرسکتا،ہم اسلام کے سپاہی ہیں ،انہوں نے کہاکہ ہم نے افغانستان کیساتھ نئے سرے سے تعلقات کا آغاز کر دیا جس میں رشکئی اکنامک زون کلیدی کردارادا کریگا۔ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں،پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے ،انہوں نے کہاکہ افغانستان کیساتھ تجارت کے ذریعے ہم وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔