لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیہ کارعامرمتین نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے افغان مہاجرین اوربنگالیوں کو شہریت دینے کے حوالے سے سندھ کو بھی تحفظا ت ہیں پشاور کے لوگ بھی نہیں چاہتے کہ افغان یہاں پر رہیں وہ بھی چاہتے ہیں کہ افغان واپس جائیں۔گویا کوئی بھی اس ایشو کیلئے تیار نہیں، اس ایشو بحث ہوسکتی ہے لیکن اس حوالے سے بیان سوچ سمجھ کردیناچاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف کی ضمانت منظور ہوجاتی ہے تو پھر یہ دلائل مسلم لیگ ن کی طرف دئیے جائیں گے کہ کیس غلط تھا اورجان بوجھ کر نوازشریف کو سزا دی گئی۔زلفی بخاری کو اوورسیز پر نہیں لگانا چاہئے کیونکہ ان کا خاندان اوورسیز کی وجہ سے یہاں سے چلا گیا تھا۔پروگرام مقابل میں میزبان ثروت ولیم سے گفتگوکرتے ہوئے تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کہا کہ اپوزیشن کے ہاتھ سے حکومت کیخلاف بڑا ایشو نکل گیا، جب نوازشریف ایوان میں داخل ہوتے تھے تو انکے آگے پیچھے ایک قسم کی فوج ہوتی تھی لیکن عمران خان اکیلے آئے اوران کے آگے پیچھے کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے چیف جسٹس اور عمران خان کے ڈیم کے لئے فنڈ کی حمایت کی اورکہا کہ اس سے پانی کی اہمیت کے بارے میں شعوراجاگر ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنوں کو نوازنے کے حوالے سے عوام میں شعوراجاگر کرنے والے بھی عمران خان ہی تھے اورآج وہ خود اس برائی میں پڑے ہوئے ہیں۔عمران خان کے چار پانچ دوست تھے انہیں وزارتیں مل گئی ہیں اس فارمولے سے نوازشریف بھی خود کو نہیں بچاسکے ۔ اگر زلفی بخاری کا نام ای سی ایل پر ہے تو پھر بابر اعوان نے استعفی کیوں دیا ۔ عمران خان بتائیں کہ ایک برطانوی شہری کیسے وزیر بن سکتا ہے ۔