لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں عائد جزوی لاک ڈاؤن اور دفعہ 144 میں مزید نرمی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹریداخلہ مومن علی آغا کی ہدایت پر ڈپٹی سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ڈاکٹر احسن بھٹی نے 23مارچ کو جاری ہونے والے احکامات میں استثنیٰ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاجس کے تحت ڈرائی کلینرزاور لانڈریز کے کاروبار کو دفعہ144سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے ۔ لانڈریز اورڈرائی کلینرز سے وابستہ شہری ایک ملازم کے ساتھ اپنی دکانیں کھول سکتے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے اثرات سے بچاؤ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات بھی یقینی بنائیں گے ۔دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں ہرطرح کی سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے ۔انفرادی،اجتماعی یا پھر کسی ادارے کی طرف سے کسی بھی قسم کی سوشل سرگرمی کے حوالے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی ۔اس حوالے سے ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کی جانب سے نوٹیفکیشن جار ی کردیا گیا ۔