راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کا کارگل جنگ میں نشان حیدر پانے والے مادر وطن کے دو عظیم سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہمارے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید بہادری، لازوال جذبے ، مثالی قیادت کا درخشندہ باب ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ آرمی چیف نے کہا مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے ، ہر قیمت پر ملکی دفاع کیلئے بہادری سے ڈٹے رہنا ہی دھرتی ماں کے بیٹوں کا شیوا ہے ، یہ عظیم شہدا صوابی اور غذر سے تعلق رکھنے وال جنگی ہیرو ہیں، شہداء نے اپنے خون سے ہر مشکل کیخلاف عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی۔ دفاع پاکستان کے عظیم فریِضہ کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے بہادرسپوت کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدار لالک جان شہید کا 22 واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، 21 ویں برسی پر ان بہادر سپوتوں کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی خصوصی تقریبات ہونگی ، کارگل تنازع کے دوران 1999 میں لائن آف کنٹرول کے گلٹری سیکٹر پر کیپٹن کرنل شیر خان اور حوالدارلالک جان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ حوالدار لاک جان 15 فروری 1968 کو ہندور میں پیدا ہوئے ، کارگل لڑائی کے وقت ’’ٹائیگر ہل‘‘ پر تعینات تھے ، بھارتی بٹالین نے اس ہل پر زبردست حملہ کیا تھا، 7 جولائی کو وہ جام شہادت نوش کر گئے ۔