لاہور، شیخوپورہ ( وقا ئع نگار ،جنرل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے موبائل کے غلط استعمال کی وجہ سے جنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ۔لاہور میں ایجوکیشن کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا مینار پاکستان کا واقعہ شرمناک ہے ،جو حرکتیں ہورہی ہیں یہ ہمارے کلچراور دین کا حصہ نہیں ، ہم جو تباہی دیکھ رہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے ہمارے بچوں کی صحیح تربیت نہیں ہورہی، ہمیں اپنے بچوں کوسیرت النبیﷺ سے متعلق آگاہی دینے کی ضرورت ہے ،ہماری تنزلی کی بڑی وجہ تعلیمی نظام ہے ،جب ہم آزاد ہوئے تھے تو ہمیں سب سے زیادہ تعلیم پر توجہ دینا چاہیے تھی، دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی وہاں یکساں نظام تعلیم ہے ، جب میں باہر گیا تو محسوس ہوا مجھے اپنے کلچر اور دین سے دور کیا گیا، ملک میں چھوٹے سے طبقے کیلئے انگلش میڈیم ہے اور باقی لوگوں کیلئے اردو میڈیم ہے ، انگلش میڈیم سسٹم ذہنی غلامی لایااور ہمیں مغربی کلچر کاغلام بنادیا، سابق حکومتیں چھوٹے کاموں کی بھی بہت تشہیر کیا کرتا تھیں، وہ کام کم اور شور زیادہ کیا کرتی تھیں،پنجاب حکومت نے وہ کام کیے جو کسی صوبے نے نہیں کیے ، عثمان بزدار اچھے کام کررہے لیکن لوگوں کوپتہ ہی نہیں چلتا، وہ اچھے کاموں میں اپنا نام لانا ہی نہیں چاہتے ، عثمان بزدارخاموشی سے کام اور لوگ تنقید کرتے رہتے ہیں۔ وزیر تعلیم مراد راس نے وزیراعظم کو پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے شیخوپورہ کے رکھ جھوک جنگل میں پودا لگا کر پاکستان کے پہلے سمارٹ جنگل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ’ ہواوے ‘ کو اس منصوبے کاسمارٹ شراکت دار بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا راوی ریور جیسے منصوبے عزم سے بنتے ہیں ، یہ پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم منصوبہ ہے ،ہمیں پہلے دن سے معلوم تھا یہ انتہائی مشکل منصوبہ ہے ، اگر یہ منصوبہ مشکل نہ ہوتا تو مشرف دور میں بن جاتا یا اس کے بعد پنجاب سپیڈ شہباز شریف نے بنا لینا تھا لیکن وہ نہیں بناسکے ،اس منصوبے سے معیشت میں 40ارب ڈالر شامل ہوں گے اور 10لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ،اگر ہم نے آنے والی نسلوں کیلئے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے تو ہمیں پاکستان کو سر سبز بنانا ہوگا ،راوی ریور منصوبہ صرف لاہور نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم منصوبہ ہے ،پہلی دفعہ منصوبہ بندی کرکے رکھ جھوک جنگل میں ایک کروڑ درخت لگائیں گے ،ملک میں 10 ڈیمز تعمیر ہوں گے ، دریائے راوی پر3 نئے بیراج بنائیں جائیں گے ، پہلے ہم نے سمارٹ لاک ڈائون لگایا تو دنیا حیران ہوئی کہ یہ کیا ہوتا ہے اور مذاق بھی اڑایاگیا لیکن اب دنیا میں ہماری مثال دی جاتی ہے او رکچھ ممالک نے ہماری پیروی بھی کی ہے ، اب سمارٹ فاریسٹ بن رہا ہے ،سمارٹ فاریسٹ منصوبے کو پورے پاکستان میں مثال بنائیں گے ۔ پاکستان کے قیام سے 2013ء تک پاکستان میں صرف 64کروڑ درخت اگائے گئے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختوانخوا میں 2013سے 2018ء تک ایک ارب درخت اگائے ۔وزیراعظم سے گورنر ہائوس میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے ملاقات کی ۔ ملاقا ت میں صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیراعظم کو چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ،قبضہ مافیہ کیخلاف کارروائی، مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم نے گریٹراقبال پارک میں خاتون کیساتھ بدسلوکی کے واقعہ پر پولیس کے بروقت رسپانس نہ کرنے پر آئی جی پنجاب پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ایسے واقعات کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کیلئے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی اور کہا ملزمان کیخلاف فوری کاروائی کرکے سخت سے سخت سزا یقینی بنائی جائے ۔وزیر اعظم سے گور نر چودھری سرور نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور کے علاوہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500سے زائد جاری منصوبوں،جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے یورپی ارکان پار لیمنٹ سے رابطوں ،پنجاب کی یونیورسٹیز میں اصلاحات و دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کوصحت ، تعلیم و دیگر شعبوں میں سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم سے وزیر بلدیات میاں محمود الرشیدنے ملاقات کی جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اور متعلقہ امور کے متعلق بات چیت ہوئی ۔ وزیراعظم نے بلدیاتی ایکٹ میں ضروری ترامیم جلد مکمل کرنے اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی کا فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے سینیٹراعجازچودھری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ حاصل نہ کرنیوالے رہنماشریک تھے ۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کوحکومتی امورمیں ایڈجسٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے متحرک ہوں۔ بلدیاتی رہنماعوام تک رسائی مزید بہتربنائیں۔ وزیراعظم سے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے ملاقات کرکے ماضی کے واقعہ پر معذرت کی۔وزیراعظم سے چیئر مین وزیرِ اعلی شکایت سیل پنجاب زبیر نیازی نے بھی ملاقات کی اور شکایت سیل کی کارکردگی اور مزید بہتری کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم سے آکسیجن کے بغیر کے ٹو چوٹی سرکرنے والے بلتستان کے کوہ پیما ئوں نے بھی ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نے کوہ پیمائوں کو مبارکباددی اور کہا ملک کانام روشن کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں ،مزید کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔