لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)محکمہ اوقاف پنجاب حکام کو 8بڑے شہروں میں 7ہزار ایکڑ وقف اراضی پر زرعی فارمنگ کیلئے گرین سگنل مل گیا ،منصوبہ کو جلد از جلد شروع کرنے کے لئے وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ڈویلپمنٹ کو مراسلہ بھجوا کر ان سے کارپوریٹ فرمز کے حوالے سے راہنمائی طلب کر لی ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق محکمہ کے سیکرٹری کیپٹن (ر) محمد محمودنے ڈائریکٹر اسٹیٹ عامر احمد خان، ڈائریکٹر فنانس ملک عبد الوحید و دیگر کے ساتھ مل کر ابتدائی طور پر وقف املاک کے زرعی رقبہ کو فوکس کرنے کی پالیسی ترتیب دیدی ۔ اس حوالے سے وزیر اوقاف، وزیر قانون ، چیف سیکرٹری پنجاب کو بریفنگ میں سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ اس وقت مجموعی طور پر30ہزار ایکڑ زرعی رقبہ موجود ہے ۔ جس میں سے 8شہروں قصور، شیخوپورہ، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں 7ہزار ایکڑ وقف رقبہ کے قطعات 50ایکڑسے 200ایکڑ، 250ایکڑ اور300ایکڑ پر محیط ہیں۔ ان کو قبضہ گروپوں سے مستقل بنیادوں پر بچانے اورر آمدن حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان قطعات پر ملکی اور غیر ملکی کارپوریٹ فرمز کے اشتراک سے زرعی فارمنگ کی جائے ۔ غیر ملکی کارپوریٹ فرمز کے حوالے سے ہمسایہ ملک چین کو اولین ترجیح کے طور پر رکھا جائے ۔ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں گرین سگنل دے دیا ہے ۔ جس کے پیش نظرسیکرٹری اوقاف نے وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ڈویلپمنٹ کو مراسلہ جاری کر کے تعاون کی درخواست کر دی ۔ دوسری جانب ڈائریکٹر اسٹیٹ عامر احمد خان نے چینی قونصلیٹ لاہور کو مراسلے جاری کرتے ہوئے زرعی فارمنگ کے حوالے سے میٹنگ کے لئے وقت مانگ لیا، منصوبے کی بابت ایوان وزیر اعلیٰ اور ایوان وزیر اعظم کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔