حجرہ شاہ مقیم،فیصل آباد،کراچی،میہڑ ( نمائندگان، مانیٹرنگ ڈیسک )مختلف شہروں میں انتخابی جھگڑوں اور فائرنگ کے واقعات میں 10 کارکن زخمی ہو گئے ۔ حجرہ شاہ مقیم کے نواحی گاؤں کھرل کلاں میں سابق صوبائی وزیر آزاد امید وار پی پی 185رضا علی شاہ کا جلسہ تھا جس میں اسکے حامیوں نے مدِ مقابل امیدوار پی ٹی آئی روبینہ شاہین وٹو اور امیدوار قومی اسمبلی منظور وٹوسابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے آویزاں فلیکس پھاڑڈالے جس پر منظور وٹو کے حامیوں نے انہیں روکنا چاہا تو علی حیدر ،شیربہادر،انور، ضمیر حیدر اور راشد وغیرہ نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر کوثر اور شیر بہادر زخمی ہو گئے ۔فیصل آباد میں انتخابی بینر زاتارنے پر جھگڑا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بھولے وال میں ریٹائرڈ انسپکٹر نے اپنے مکان پر لگے ن لیگ کے بینر کو اتارا تو لیگی کارکنوں نے انہیں روکا جس پر تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ ادھر انتخابی مہم کیلئے راستہ روکنے والے کارکن عوام کے ہتھے چڑھ گئے ۔ این اے 101 سے آزاد امیدوار چودھری عاصم نذیر کے سپورٹرز نے کچہری چوک پر گاڑی روک لی۔بارہا سمجھانے پر بھی گاڑی ٹس سے مس نہ کی توشہریوں کا صبر بھی جواب دے گیا۔ بپھرے ہوئے عوام سے بچنے کیلئے کارکنان انتخابی مہم ادھوری چھوڑ کر جان بچا کر بھاگ نکلے ۔کراچی کے علاقے لانڈھی دائود چورنگی کے قریب تحریک انصاف کے انتخابی دفتر پر مسلح شخص نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے مسلح شخص کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ ایس ایم جی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ میہڑمیں انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی اور پی پی کے کارکنوں میں نعرے بازی کے دوران کشیدگی پیدا ہو گئی جبکہ پی ایس 84 کے پی پی امیدوار فیاض علی بٹ کے قافلے کی مذکورہ گائوں میں آمد پر پتھرائو بھی کیا گیا جس کی وجہ سے دو گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔