لاہور،کراچی،کوئٹہ(نیوز رپورٹر،نامہ نگار، کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ،ٹرانسپورٹرز نے فوری پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا،ٹرانسپورٹر جی ٹی روڈ پر سیٹ ٹو سیٹ مسافر بٹھا سکتے ہیں کرایہ 20فیصد کم ہو گا جبکہ موٹر وے پر دو سیٹ پر ایک مسافر بٹھانا ہونگے جبکہ ملک بھر میں 56 روز بعد ٹرین آپریشن شروع ہو گیا ۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال اور وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کیساتھ آ ل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ بس اونرز فیڈریشن الائنس کے عہدیداران چوہدری مجید گجر ، عصمت اللہ نیازی ، چوہدری عدنان ، چوہدری فلک شیر سمیت متعدد ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ہوئے جس میں طے پایا کہ پنجاب بھر میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ براستہ جی ٹی روڈ سیٹ ٹو سیٹ مسافر بٹھا کر چلے گی اور وہ حکومت کے اعلان کردہ 20فیصد کم کرایہ لینے کی پابند ہو گی جبکہ موٹروے سے جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو وفاق کے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہو گا جس میں ہر دو سیٹ ہر ایک مسافر بٹھایا جائے گا اس حوالے سے حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کو یقین دہانی کروائی گئی کہ وہ وفاق سے اس حوالے سے بات کر ینگے لیکن اس وقت تک ٹرانسپورٹر موٹر وے جانے والی گاڑیوں پر 20فیصد کرایہ میں کمی نہ کرے جبکہ دیگر تمام ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگاجس میں مسافروں کے لئے ماسک پہننا لازمی ، گاڑیوں کی صفائی ، ہینڈ سینی ٹائزر کی سہولت ، 65سال سے زائد عمر والے مسافر کے ساتھ سیٹ خالی رکھنا شامل ہیں ۔ اگر ایک خاندان ایک شہر سے دوسرے شہر جا رہا ہے تو وہ اکھٹے بیٹھ سکتے ہیں۔ مذاکرات کے بعد آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے عہدیداران نے پریس کانفرنس میں فوری طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کو چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ وفاق سے بات کر کے جلد موٹر وے پر بھی سیٹ ٹو سیٹ چلانے کی اجازت دی جائے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے میں سنجیدہ ہے تا کہ عام آدمی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ عام آدمی کو مشکلات سے بچانا اور بہتر سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ دریں اثناملک بھر میں56 روز بعد ٹرین آپریشن شروع ہوگیا۔ ملک بھر میں ریلوے حکام نے مسافروں کیلئے مثالی انتظامات کئے ۔ آئی جی پاکستان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے پولیس کے جوان مسافروں کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ کراچی سے پہلی ٹرین عوام ایکسپریس بدھ کی صبح 10 بجے تمام احتیاطی تدابیرکے ساتھ روانہ ہوئی۔کراچی سے راولپنڈی کیلئے پاکستان ایکسپریس ،سیالکوٹ کیلئے علامہ اقبال ایکسپریس،لاہور کیلئے قراقرم ایکسپریس جبکہ لاہور کیلئے پاک بزنس ،کراچی سے لالہ موسیٰ کیلئے ملت ایکسپریس،راولپنڈی کیلئے تیزگام ،لاہور کیلئے شاہ حسین ایکسپریس اسلام آبادکیلئے گرین لائن،جیکب آبادکیلئے سکھر ایکسپریس اور پشاور کیلئے خیبر میل روانہ ہوئیں ۔گزشتہ روز کوئٹہ سے جعفرایکسپریس مسافروں کو لیکر پشاور کیلئے روانہ ہوگئی۔