لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے کہ این آر او تو ہوچکا ہے ، شہباز شریف بھی باہرجاسکتے ہیں اور مریم نواز بھی ۔ چینل92نیوز کے پروگرا م’’مقابل ‘‘میں اینکر پرسن ثروت ولیم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی بات جن سے ہونا تھی ہوگئی،عدالت نے بھی ضمانت دیدی۔ عمران خان کو بھی ادراک ہے کہ این آراو ہوچکا ہے ۔تحریک انصاف نے اپنے ووٹرز کو بتانا ہے کہ یہ سب کچھ کسی اور کی مرضی سے ہورہا ہے ۔جو بھی ہے عدالت فیصلہ کررہی ہے یا نیب نرمی کررہا یا اسٹیبلشمنٹ میں کوئی عناصر ہیں جو کررہے ہیں ۔یہ اقتدار کی جنگ ہے اس میں ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے ۔شہباز شریف اپنے بھائی جان کو قائل کرنے کی پوری کوشش کرینگے ۔پاک فوج میں سپاہی سے لیکر افسرتک کوئی ایسا آدمی نہیں جو انکی بھارت نوازی پر ناخوش نہ ہو،رنج کی شدت ہے ۔بھارت ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے ۔کبھی نواز شریف اور مریم نواز نے بھارت کیخلاف ایک لفظ بھی کہا ہے ،شہباز شریف بھی نہیں کہتے ۔ن لیگ کے لیڈر بھی نہیں کہتے ۔ سعودی عرب سے چند ماہ پہلے تلخی بڑھ گئی تھی۔عمران خان نے کہہ دیا تھاکہ میرے خلاف سازش میں بعض عرب ممالک بھی شامل ہیں، شاہ محمود قریشی نے بھی بیان دیا، تاہم اب وہ تلخی ختم ہوگئی ، وزیراعظم کا سعودیہ میں ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔سعودیہ چاہتا کہ پاکستان مضبوط ہو، وہ عمران خان کیخلاف کسی سازش میں شریک نہیں ہوگا۔ عالمی برادری مسئلہ فلسطین پرکچھ بھی نہیں کریگی۔فلسطینیوں پر حالیہ مظالم پربیان تو پوپ ،اقوام متحد ہ ، امریکہ، یورپی یونین نے بھی دیا،یہ بیان دیتے رہینگے مگر اسرائیل کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کریگا۔اسرائیل انکا علاقے میں تھانیدار ہے ،وہ اسے اور تقویت دینگے ۔مسئلہ تو عالم اسلام اور عربوں کی بے حسی کا ہے جو ایک ایک کرکے اسرائیل کو تسلیم کررہے ہیں۔