کوئٹہ،تونسہ شریف،کوہلو (کرائم رپورٹر،نامہ نگار،این این آئی) مستونگ میں خود کش حملہ میں 3ایف سی اہلکار شہید اور 2زخمی ہوگئے جبکہ ایف سی نے کوہلو میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ کے قریب قائم ایف سی کے کیمپ پر 2حملہ آوروں نے ایف سی کیمپ پر حملہ کیا ۔ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجہ میں 3ایف سی اہلکار صوبیدار منیر جان،سپاہی احمد جان اور سپاہی پرویز شہید جبکہ سپاہی ناصر اور سپاہی ارشاد شدید زخمی ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا۔ واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ریسکیو ٹیموں کی مدد سے زخمی اہلکاروں کو نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال اور پھر کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔مستونگ خود کش دھماکہ میں شہید ہونیوالے اہلکار منیر کا تعلق تونسہ شریف سے ہے ، اطلاع ملنے پر منیر کے گھر کہرام مچ گیا۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور بلوچستان نے آپریشن رد الفساد کے تحت کوہلو میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔ایف سی حکام کے مطابق مذکورہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں،بارودی سرنگ دھماکوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دہشتگردوں کی علاقہ میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایف سی ٹیم اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔