لاہور(قاضی ندیم اقبال) مسجد وزیر خان کے معاملہ پر انکوائری کا باضابطہ آغاز آج ہو گا،تاہم سرکل چار اوقاف لاہور کے ملازمین کی جانب سے عکسبندی فیس بروقت وصول نہ کرنے کا دستاویزی ثبوت بھی سامنے آ گیا،محکمانہ فیس عکسبندی کے 9روز بعد جمع کروائی گئی،ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی جانب سے مسجد وزیرخان میں ڈانس کی ویڈیو فلمانے سمیت دیگر غیر شرعی اقدامات کے حوالے سے انکوائری آفیسر مقرر کئے جانے کے بعد ڈائریکٹر فنانس عبد الوحید ملک نے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے ، معطل منیجر سرکل چار اشتیاق احمد، سینئر کلرک ریاض کے ساتھ ساتھ مسجدوزیرخان کے خطیب عبد الشکور سیالوی کو بھی طلب کیاگیا ہے ،جو آج اس ضمن میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے علاوہ اپنی صفائی کے حوالے سے دستاویزات بھی پیش کریں گے ۔دریں اثناء ’’92‘‘ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ کے بیشتر سینئراہلکار وں نے دعوی کیا کہ نجی پروڈکشن ادارے کی جانب سے مسجد وزیر خان میں ایک دن کی بجائے دو روزشارٹ فلم کی عکسبندی عیدلاضحیٰ سے قبل کی گئی،قواعد وضوابط کے مطابق نجی پروڈکشن ادارے کو مسجد وزیر خان کے عملہ کی جانب سے 30ہزار روپے کابنک چالان جاری کیا جاتا، اس چالان پر محکمہ کے اکائونٹ میں رقم جمع ہونے کے بعد شوٹنگ کی اجازت دی جاتی ،مگر ایسا نہیں ہوا، نجی پروڈکشن ادارے نے مبلغ 30ہزار روپے منیجر سرکل چار کے سینئر کلرک کو ادا کر دئیے اورعید لاضحیٰ سے قبل مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کر لی ،تاہم ’’92‘‘ نیوز کی جانب سے 7اگست کی صبح اوقاف حکام سے اس بابت رابطہ کیا گیا تو اسی روز منیجر سرکل چار لاہور اوقاف کے عملہ کی جانب سے تیس ہزار روپے فیس عکسبندی کی مد میں محکمہ کے ااکائونٹ نمبر432057-5752 میں رسید نمبر 0223194 کے تحت جمع کروا دئیے گئے ۔ لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر، جنرل رپورٹر) مسجد وزیرخان کے معاملہ پر منیجر سرکل چارلاہور اشتیاق احمد کو معطل کر دیا گیا،سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد کی پیشگی منظوری کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن اول نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیاجبکہ منیجر سرکل 3 لاہور شیخ جمیل اختر کو منیجر سرکل چار کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں،دریں اثنااداکار ہ صباء قمر اور اداکار بلال سعید کی تاریخی مسجد وزیر خان میں ڈانس اور شوٹنگ کے خلاف گزشتہ روز بھی احتجاج جاری رہا ،گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مسجد وزیر خان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ مساجد میں بیہودہ گانوں کی شوٹنگ،ماڈلنگ اور شادی فوٹو شوٹ سے اسلامی تشخص تباہ کیا جارہا ہے ،مسجد وزیر خان میں ہونے والی گانے کی شوٹنگ پر جمعیت نے مسجد میں درس قرآن کا انعقاد کیا ، مسجدوں کے تقدس کو پامال کرنے کی اس حرکت پر شدید مزمت کی اور احتجاج ریکارڈ کروایا،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور خزیمہ داؤد نے کہا کہ مسجد کے تقدس کی پامالی اور مسجد کو عبادت گاہ کی بجائے کمرشل مقاصد اور ناچ گانے کی شوٹنگ کے لیے استعمال کرنا قابلِ تشویش ہے ، جمعیت علمائے اسلام کے ڈ پٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ اس سے جہاں مسجد کا تقدس پامال ہوا وہاں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔