لاہور ، کراچی،کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوزرپورٹ) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں افواج پاکستان اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور مظاہرے جاری ہیں۔لاہور میں تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن کے زیر اہتمام افواج پاکستان اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی کیلئے الحمرا ہال مال روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کی۔ریلی کے شرکانے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان، آئی ایس آئی اور جنرل(ر) پرویز مشرف سے اظہاریکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ لاہورپریس کلب پہنچنے پرریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی و دیگر نے کہا افواج پاکستان اور آئی ایس آئی کے سپہ سالار ہرگز غداری اور سنگین جرائم کے مرتکب نہیں ہوسکتے ۔سابق صدر کیخلاف فیصلہ پر پاکستانی عوام کو شدید دلی دکھ ہوا ۔ اختتام پر ملکی سلامتی اور آزادی کشمیر کیلئے اجتماعی دعا بھی کرائی گئی ۔کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی،سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر ومئیر کر اچی وسیم اختر ،فیصل سبزواری نے کہا پرویز مشرف نے 40تک ملک کی خدمت کرکے ہم پر احسان کیا ۔وہ 1999میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے ۔اس ملک میں میڈیا کو ایک آمر نے آزاد کیا تھا ،ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جہاں سچ بولنے پر غدار نہ ٹھہرایا جائے ۔ ایک عدالت نے آئین اور شریعت کیخلاف فیصلہ دیا۔ایسی زبان جو اس فیصلے میں استعمال ہوئی ، ایسی زبان 70سال میں استعمال نہیں کی گئی ۔ ہمیں ڈر ہے کہیں عدالتوں پر سے اعتماد ختم نہ ہوجائے ۔ ہم احسان فراموش نہیں ،یہ بتانے آئے ہیں کہ ایسے شخص کوسزا سنائی گئی جس نے امانت کے تحفظ کی قسم کھائی تھی ۔ عدالت نے آئین اور انصاف سے ماورافیصلہ کیا ، فیصلے میں مخصوص طبقے کی توہین نظر آتی ہے ۔یہ کیسے ممکن ہے کہ 1999کا فیصلہ جائز اور 2007کا فیصلہ ناجائز ہے ۔ مشرف کو غدار کہنا افسوسنا ک اور انتقامی سوچ کی عکا سی کر تا ہے ۔ فیصلے سے ایک فر د کی نہیں پو ری قوم کی تو ہین نظر آئی ۔ ہم پر ویز مشرف کی سزاکو متنازعہ کہہ رہے ہیں۔فیصلے میں پیر ا 66انتہا ئی افسوسنا ک ہے ، ہم پاکستان کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں، ہم ہر ادارے کو حد ود وقیو ر میں کام کر تے دیکھنا چاہتے ہیں۔کوئٹہ کے علاوہ نصیرآباد ،ڈیرہ بگٹی ،چمن اور دیگر اضلاع میں بھی پرویز مشرف کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مقررین کا کہنا تھا پرویز مشرف کیخلاف فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا ۔ وہ پاکستان کے ہیرو ہیں اور ان کی چالیس سالہ خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ فیصلہ واپس لیا جائے ۔