لاہور (عمران راج)کشمیریوں پربھارتی مطالم پر پاکستانی فنکارسراپا احتجاج ،انسانیت سوز بھارتی مظالم کے خلاف پاکستانی فنکاروں نے بھی شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ہیش ٹیگ ’’سٹینڈ ود کشمیر‘‘ کے ساتھ ٹویٹس اور اسٹیٹس اپ ڈیٹس کا سلسلہ شروع کردیا۔ حمزہ علی عباسی نے تمام پاکستانی فنکاروں سے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے درخواست کی کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں۔اپنی ٹویٹس میں انہوں نے لکھاکہ پوری دیانتداری کے ساتھ خود سے پوچھئے کہ آپ کشمیر کے لیے آواز کیوں نہیں اٹھاتے ؟ اگر آپ اپنے دل میں احساس رکھتے ہیں کہ ہمارے پڑوس میں بڑے پیمانے پر ظلم ہورہا ہے تو آپ کو اس پر آواز اٹھانی چاہیے ۔ماہرہ خان نے ٹویٹ کیا کہ کیا ہم سہولت سے اس کو روک سکے ہیں جس پر ہم بات کرنا نہیں چاہتے ؟ یہ ریت پر کھینچی ہوئی لکیروں سے بہت بڑھ کر ہے ، یہ معصوم جانوں کے ضیاع کے بارے میں ہے ! آسمان جل رہا ہے اور ہم خاموشی سے رو رہے ہیں۔شان شاہد نے اپنی ٹویٹ میں گنگا اشنان کرتے ہوئے نریندر مودی کی تصویر لگائی اور تبصرہ کیاکہ گنگا نہانے سے کشمیری شہیدوں کا لہو نہیں دُھلے گا۔مہوش حیات نے بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بم برسانے کو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا اور لکھا کہ اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا،یہ صرف جنگی جرائم ہیں، دنیا کو جاگنا ہوگا اور ان مظالم کو رکوانا ہوگا۔