ملتان (نیٹ نیوز) عام انتخابات چند روز کی دوری پر ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنی انتخابی مہم کیلئے نت نئے انداز اپنا رہے ہیں، ملتان سے عوامی نیشنل پارٹی کی پہلی امیدوار نوشین جتوئی بھی موٹربائیک پر سوار ہو کر منفرد انداز سے اپنی مہم چلا رہی ہیں، 3 بچوں کی والدہ نوشین پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔اے این پی نے ملتان میں پہلی مرتبہ انٹری دی ہے اور این اے 155 سے نوشین جتوئی کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے ۔ہاتھ میں انتخابی نشان لالٹین اٹھائے نوشین بائیک چلا کر مختلف علاقوں میں جا کر عوام سے ملاقاتیں کر کے انہیں ووٹ دینے کیلئے قائل کرتی ہیں۔نوشین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکی جماعت کو ہمیشہ ملک دشمن سمجھا گیا اور وہ اس تاثر کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں اور اسمبلی میں جا کر لوگوں کے حق کیلئے آواز اٹھانا چاہتی ہیں۔انتخابات سے چند روز قبل ڈیم بناؤ مہم صرف انتخابی نعرہ ہے ، ڈیم کو ایشو بنا کر الیکشن لڑا جا رہا ہے جو کہ ایک الیکشن اسٹنٹ ہے ۔انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔