ملتان (اے ایف پی) ملتان میں ایک پرعزم خاتون نے مکینیکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد گاڑیوں کی ورکشاپ میں کام کرکے سب کو حیران کردیا، 24 سالہ باہمت عظمیٰ نواز کو ہاتھ میں رینچ اور دیگر اوزار پکڑے کام کرتے دیکھ کر ورکشاپ میں آنیوالے لوگ شدید حیران ہوجاتے ہیں، عظمیٰ نواز نے بتایا میں نے خاندان کی کم آمدن کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کا عزم کیا اور پھر تمام رکاوٹوں اور چیلنجز کو عبور کیا۔ دنیا پور سے تعلق رکھنے والی عظمی نواز نے اپنی ڈگری حاصل کرنے کیلئے سکالرشپ حاصل کی اور عظمیٰ نواز تعلیم مکمل کرنے کی خاطر کھانا بھی چھوڑ دیتی تھی، ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کیلئے ورکشاپس میں کام کرنے کی مثالیں موجود نہیں عظمیٰ نے اس مشکل مرحلے کو عبور کرکے نئی مثال قائم کی ، ملتان میں شوروم میں کام کرنے والی عظمی نے بتایا ایک سال کام کرنے کے بعد مجھے ترقی دیدی گئی اور اب میرا کام مزید آسان ہوگیا ہے ، عظمی ورکشاپ میں گاڑیوں کے ٹائر اٹھاتی ، انجن کا معائنہ کرتی اور کئی اوزاروں کو اٹھائے کام میں مصروف رہی جسے دیکھ کر آنیوالے گاہک حیران ہوجاتے ہیں، عظمی کے ساتھ کام کرنے والے عطاء اﷲ نے بتایا جب بھی کوئی کام اس کے سپرد کیا گیا عظمی نے محنت سے انجام دیا، عظمی کے والد نے بتایا ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو ورکشاپس میں کام کرنے کی ضرورت نہیں، یہ مناسب بھی معلوم نہیں ہوتا تاہم یہ عظمی کی لگن تھی، اب وہ گاڑیوں کی بڑے بہتر انداز میں مرمت کرلیتی ہے جس پر میں خوش ہوں۔