لاہور(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا سے خضر حیات گوپانگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں نواب گوپانگ، کاشف حیات گوپانگ اور خلیل خان جتوئی بھی موجود تھے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے بلدیاتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے مظفر گڑھ تحصیل علی پور کیلئے خضر حیات گوپانگ کو امیدوار تحصیل ناظم نامزد کر دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے پوری تحصیل میں سیاسی رابطے بڑھانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا سربراہ ملک اور فوج کے خلاف عزائم رکھتا ہو وہ عوام کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے ، بلدیاتی انتخابات میں ہمارا مقابلہ 10 سال تک عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے ہے ،ق لیگ پورے پنجاب سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی اسی سلسلے میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی سیاسی شخصیات کو نامزد کیا جا رہا ہے ۔ خضر حیات گوپانگ نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن کمیٹی خیرپور، سادات ٹاؤن کمیٹی، ہیت پور، ٹاؤن کمیٹی گھلواں اور میونسپل کمیٹی علی پور سٹی میں ہماری تیاری مکمل ہے ۔علاوہ ازیں چودھری شجاعت سے کراچی پریس کلب کے سیکرٹری ارمان صابر، جوائنٹ سیکرٹری ثاقب ظہیر اور سیکرٹری ویجی لینس خلیل ناصر نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ عہدیداروں نے مسائل سے آگاہ کیا اور پریس کلب کے دورے کی دعوت بھی دی۔