پشاور(نیٹ نیوز)خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 38 سے اے این پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والی واحد خاتون امیدوار شہناز راجہ نے کہا ہے کہ آخر کہاں لکھا ہے کہ اسلام میں عورت سیاست میں نہیں آ سکتی یا مرد اور عورت برابر نہیں؟مجھے ہمیشہ لوگوں کو قائل کرنا پڑا کہ وہ ایک عورت پر اعتماد کریں اور اسے ووٹ دیں،انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے شہناز راجہ نے مزید کہا یہاں ووٹ ڈالنے کی اجازت تو ہے لیکن ووٹ کسے دینا ہے ، یہ فیصلہ گھر کا مرد کریگا، اگر کوئی عورت ووٹ مانگنے آ جائے تو کبھی اسلام اور کبھی معاشرتی روایات کے نام پر اسے روک دیا جاتا ہے ۔ میں اس علاقے میں سکول، کالج اور خواتین کیلئے تربیتی مراکز بنانا چاہتی ہوں تاکہ وہ مختلف ہنر سیکھ سکیں اور شاید یہی وہ سوچ ہے جو یہاں کے مردوں کو خوفزدہ کرتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے بھی بلدیاتی انتخابات جیتتی رہی ہیں، اگر میرے شوہر اور بچوں کی حمایت نہ ہوتی تو میں بھی دیگر عورتوں کی طرح گھر سے باہر قدم نہیں رکھ سکتی تھی۔پاکستان میں کوئی جماعت تبدیلی نہیں لا سکتی، اگر کوئی تبدیلی لا سکتا ہے تو وہ اس ملک کی خواتین ہیں، وہ سیاست میں آئیں گی تو ملک بدلے گا۔