لاہور،سیالکوٹ(سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کا پورانظام یرغمال ہے ، سیاسی جماعتوں میں بھی جمہوریت نہیں، الیکشن کمیشن کمزور ، نیب خود قابل احتساب ادارہ بن چکا ۔ حکمران اپنے جرائم سے توبہ کریں، ڈلیور نہیں کرسکتے تو مہربانی فرما کر گھر جائیں۔ مظلوم عوام کی آہیں جلد حکمرانوں کولے ڈوبیں گی۔گزشتہ روز سینٹ میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے کرپشن کیخلاف ایکشن کے دعوے لفظی گولہ باری، اپنی ذات اور پارٹی کو احتساب کیلئے کبھی پیش نہیں کیا جبکہ نیب کے اقدامات یک طرفہ ہیں۔ امریکی صدر پولیس کے ہاتھوں قتل ہونیوالے سیاہ فام کے ورثا کے ہاں چل کر گئے اور معافی مانگی جبکہ ہمارے وزیر اعظم کی انا پہاڑ سے اونچی نظر آئی۔ عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے مگر حکومت نے ان پر پھر پٹرول بم گرا دیا۔ ملک میں خاندانی بادشاہت ہے اور ساری جمہوریت اور ساری سیاست کچھ خاندانوں کے مفادات کے گرد گھومتی ہے ۔سراج الحق نے سیالکوٹ میں جے آئی یوتھ کے نائب صدرعثمان جاوید کے چچامحمد سعید کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔