پشاور(92نیوز )وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہاہے کہ ملکی فیصلے اب پاکستان میں ہی ہونگے ، کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے ،امن اور ترقی ہمارا مستقبل ہے ،پاکستان دشمنوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم ایک ہیں اور غیرت مند قوم کی طرح دنیا کے ملکوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا جانتے ہیں۔ جمعہ کو کوہاٹ یونیورسٹی میں چین کے تعاون سے قائم کیے گئے سنٹر فار ٹریننگ ٹیچنگ اینڈ ریسرچ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنوبی اضلاع کاروبار کا مرکز بن گئے ہیں کیونکہ یہ قدرتی وسائل سے مالا مال اضلاع ہیں ، خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع جو سنٹرل ایشیاء کا گیٹ وے ہیں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع ہیں اورحکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے دور رس اقدامات کیے ہیں جن میں 183 ممالک کیلئے آن لائن ویزہ سہولت اور پچاس ممالک کے باشندوں کو پاکستان پہنچنے پر ویزہ دینے کی سہولت شامل ہیں ۔ شہر یار آفرید ی نے کہاکہ کوہاٹ یونیورسٹی میں اس ریسرچ سنٹر کا افتتاح جنوبی اضلاع کا ترقی کی طرف پہلا قدم ہے جس سے جنوبی اور ضم ہونیوالے قبائلی اضلاع کے نوجوان مستفید ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر دشمنوں سے جنگ مسلط کی اور ہمیں آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی تاہم عوام اور سکیورٹی فورسز نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔انہوں نے کہاکہ اب اس ملک کے فیصلے پاکستان میں ہی ہونگے اور پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا ۔ انہوں نے کوہاٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سنٹر بنانے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے چین مکمل تعاون کرے گا ، جتنے طلباء حصول تعلیم کیلئے چین جانا چاہتے ہیں ان سے ہر قسم کا تعاون کیاجائیگا ،چینی سفیر نے اگلے سال سے 50 طلباء کیلئے سکالر شپ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ۔