لاہور(نمائندہ خصوصی سے )واپڈا حکام نے مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب کی بابت سمری ایوان وزیر اعظم ارسال کر دی۔ معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق چیئر مین واپڈا کی ہدایت پر وزارت پانی و بجلی کی وساطت سے سمری وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کرتے ہوئے اس میں13جنوری2019 کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سمری میں متوقع طور پر وزیر اعظم کے تقریب کے شرکا سے خطاب کے اہم نکات کے علاوہ وزیر پانی و بجلی کے خطاب کے اہم پوائنٹس بھی الگ سے بھجوائے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد13جنوری کی بجائے کسی اور تاریخ کو کرنے کی بابت حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے تاہم واپڈا حکام کی جانب سے ایوان وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ تقریبا 1سال کے دوران مذکورہ کام کا کنٹریکٹ کمپنی کو شفافیت کی بنیاد پر دیا گیا اور واپڈا حکام سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے لئے تیار ہیں۔