مردان ،پشاور(نمائندہ 92نیوز،سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت چلانے کی تیاری ہونہ ہوعوام نے حکمرانوں کو گھربھیجنے کی تیاری کرلی ہے ، وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ پی ڈی ایم کا نہیں بلکہ مہنگا ئی کے ستا ئے 2 2کروڑعوام کامطالبہ ہے ۔ مردان میں مہنگائی مارچ،جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر ناجائز ، نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے ، اس حکومت کاخاتمہ کر کے دم لیں گے ، عوام کا یہ سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا، اس حکومت نے تو معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا، ہم تمہیں کہاں پہنچائیں گے تمہیں اندازہ ہی نہیں ، نیب کی اب کوئی حیثیت نہیں صرف کٹھ پتلی ہے ، ہمارے دو ممالک ہم سے ناراض ہو گئے ہیں ، آپ پر پرائے تو کیا اپنے بھی اعتبار کرنے کو تیار نہیں ، ہم پہلے سے اس حکومت کو نااہل کہتے تھے لیکن اب تو انہوں نے خود بھی اپنی نااہلی کااعترف کرلیا ، میں کہتا ہوں آپ بھی نااہل ، آپ کی ٹیم بھی نااہل ہے ، چین نے 14 فیصد شرح سود پر پاکستان کو قرضہ دیا، عمران خان کہتے ہیں مجھے حساب دینا ہوگا، عمران ابھی میرے احتساب کے شکنجے میں ہیں، حکومت کا تختہ الٹنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،عمران خان مجھ سے حساب لینے سے پہلے اپناحساب دیں ۔ ن لیگ کی نائب صدرمریم نوازنے کہا کہ عمران خان نے کل خودنااہلی،نالائقی کااعتراف کیا، کہاکہ مجھے حکومت میں لاکربیٹھاتودیالیکن حکومت چلانے کی کوئی تیاری نہیں تھی،جب تم جانتے تھے کہ وزارت عظمیٰ کے اہل نہیں ہوتوشیروانی پہننے کی جلدی کیوں تھی،جب 400استعفے آجائیں گے تو آپ کا وزیراعظم رہنا مشکل ہے ،کیاالیکشن سے پہلے یہ نہیں کہتے تھے کہ میرے پاس دوسوبندوں کی ٹیم ہے ،اڑھائی سال بعدکہاگیاکہ مجھے گردشی قرضوں کاپتہ نہیں تھا،حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن 122ارب روپے کی ایل این جی چوری کی تیاری تھی،ایک کروڑنوکریاں دینے کیلئے تیاری نہیں تھی لیکن اپنے دوستوں کونوکریاں دینے کی تیاری تھی،انصاف فراہمی کی تیاری نہیں تھی لیکن جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیخلاف جھوٹاریفرنس بنانے کی تیاری تھی،علیمہ خان کواین آراودینے کی تیاری تھی، آپ کی 400 ارب چینی ، آٹے پر225ارب کاڈاکہ ڈالنے کی پوری تیاری تھی،خارجہ پالیسی کومستحکم کرنے کی تیاری نہیں لیکن بھارت کی جھولی میں کشمیرکودینے کی تیاری تھی، صحت کی سہولیات دینی کی تیاری نہیں تھی لیکن ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری تھی،پولیس اصلاحات کی تیاری نہیں تھی لیکن اپنے بہنوئی کوپلاٹ دلوانے کی پوری تیاری تھی، آپ نے سیاسی مخالفین کی بہنوں بیٹیوں کوجیل میں ڈالا لیکن بہنوئی کے پلاٹ پرقبضہ چھڑانے کیلئے پوری پولیس تبدیل کردی ،حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی، غریب کے مکان اوردکان تو گرا دیتے ہو،بنی گالہ 12لاکھ دے کرقانونی کرڈالا ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حیدر خان ہوتی اور میاں افتخار حسین نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نااہل اور عوام دشمن ہے جس کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،جلسے سے جے یوآئی پاکستان کے مولانا نورانی ،مختار یوسفزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ میں پیپلزپارٹی کے مرکزی وصوبا ئی رہنمائوں کی شرکت سوالیہ نشان رہی انکے نہ آنے سے کارکن بھی انتہائی کم تعداد میں جلسے میں شریک ہوئے ۔دریں اثنا پی ڈی ایم نے 6 جنوری کو بنوں میں ریلی اور جلسے کا بھی اعلان کردیا۔