کراچی(نیٹ نیوز)اداکارہ مہوش حیات سکھر میں 5سکول بنانے کیلئے لندن میں ہونیوالی میراتھن میں حصہ لیں گی۔مہوش حیات کو عالمی فلاحی ادارے ’پینی اپیل‘ نے اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے جو پاکستان سمیت دنیابھر کے 30 ممالک میں صحت اور تعلیم کے حوالے سے کام کرتا ہے ۔’پینی اپیل‘ کے مطابق مہوش حیات سندھ کے ضلع سکھر میں سکولوں کے قیام کے لیے برطانوی دارالحکومت میں آئندہ برس ہونے والی میراتھن ریس میں دوڑیں گی۔یہ میراتھن ریس ایک چیئرٹی دوڑ ہوگی جس کے ذریعے حاصل ہونے والے فنڈز کو سکھر میں سکولوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔مہوش حیات اس دوڑ میں لگ بھگ 27 میل تک دوڑیں گی، ان کے ساتھ اسی ریس میں کئی معروف شخصیات بھی دوڑیں گی۔مہوش حیات نے عالمی ادارے کی جانب سے سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سکھر میں سکولوں کے قیام کے لیے ان کی مدد کریں۔