لاہور ،رائیونڈ،فیصل آباد(خبرنگارخصوصی،سٹاف رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے ،اپنے خبرنگارسے ،جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نمائندگان) بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کرنے کے خلاف ملک بھر کی سیاسی ،مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے علاوہ تاجروں ،اساتذہ اور طلبہ نے احتجاجی مظاہرے کئے جس میں بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی اور اقوام متحدہ سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور مسئلہ کشمیر حل کروانے کا مطالبہ کیا۔تحریک انصاف نے فیصل چوک سے لاہور پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ،تنظیم اتحاد امت پاکستان نے بھی ریلی میں شرکت کی ۔سنی تحریک نے لاہور پریس کلب کے باہراور مرکزی علماء کونسل نے جلوموڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء کشمیر بنے گا پاکستان ، نامنظور نامنظور بھارتی فیصلہ نا منظور ،ہم نہیں مانتے بھارت کے ضابطے ، مردہ باد بھارت کے نعر ے لگائے ،تحریک انصاف کی ریلی میں پنجاب کے صدر اعجازچودھری سمیت دیگر کارکنوں نے شرکت کی،تنظیم اتحاد امت پاکستان کے سربراہ پیر ضیاء الحق نقشبندی نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔پاکستان ٹریڈرز الائسنس سمیت انجمن تاجران اور تحریک انساف ٹریڈرزونگ کی جانب سے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لئے گزشتہ روز ریلیاں نکالی گئیں جس میں تاجر برادری کی جانب سے کشمیر میں بھارت کی جانب سے کئے جانے والے ظلم کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا ،اس موقع پر ٹریڈرز الائنس کے سرپرست اعلی عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم انتہا حد تک بڑھ گیا ہے اس پر عالمی طاقتوں کو فوری طور پر نوٹس لینا چائیے ۔صوبائی وزیر ہاؤ سنگ میاں محمود الرشید کے ہمراہ یکجہتی کشمیر ریلی میں واسا حکام نے بھی شرکت کی۔ وائس چیئر مین واسا شیخ امتیاز محمود، ایم ڈی واسا زاہد عزیز اور دیگر افسران نے کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ریلی میں بھرپور جذبات کا اظہار کیا۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد انجینئرنگ کیمپس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ظہیر جاوید پراچہ نے کی ۔ اس موقع پر لائبریرین کاشف کمال نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ایپکا حاجی ارشاد گروپ نے آج کا احتجاج ملتوی کر تے ہوئے کشمیریوں اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کر دیا۔علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشدکی سربراہی میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں کشمیر ڈے کے حوالہ سے خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ اور فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی میں طلباء و طالبات کے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے گونج اٹھے ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پرنسپل کالج ڈاکٹر اعجاز بٹ نے پروفیسر ناصر حسین ڈاکٹر عاصم حمید بٹ کے ہمراہ کی۔ تقریب کے بعد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے واک اور طلبہ و طالبات نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔بعدازاں عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے معاملے میں اپنی قرار دادوں پر عمل درآمد نہ کروا کر اور اس معاملہ پر سنجیدہ ایکشن نہ لے کر نا صر ف پاکستان اور پوری امت مسلمہ کو مایوس کیا ہے بلکہ لاکھوں کشمیریوں کوبھارتی فوج کے ہاتھوں شہید کرا دیا ہے ۔دریں اثنا اراکین پنجاب اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کے خلاف قرار دادیں پنجاب اسمبلی جمع کرادی ہیں، ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر نیلم ویلی میں کلسٹر بم جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعما ل کی شدید مذمت کرتا ہے ۔کنول لیاقت کی قراداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتا ہے ۔علاوہ ازیں کشمیر میں بھارتی جارحیت اور حکومتی فیصلے کے خلاف زندہ دلانِ لاہور سڑکوں پر نکل آئے مختلف تنظیموں کے زیراہتمام مشترکہ ریلی نکالی گئی جس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔تاریخی اور مرکزی شاہراہ مال روڈ فیصل چوک پر سینکڑوں افراد جمع ہوئے ۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم مودی کا پتلا بھی نذرِآتش کیا۔