لاہور / کراچی (شوبز ڈیسک ) نامور گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ میشا شفیع کے ایک ٹویٹ نے میری زندگی بدل دی۔ ایک سال کے دوران اس کیس کی وجہ سے انہیں جذباتی اور مالی طور پر بے حد نقصان پہنچا۔ ایک ٹی وی شو میں علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لگائے جانیوالے جنسی ہراسانی کے الزامات اور ان الزامات کی وجہ سے ان کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔علی ظفر نے بتایا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے اور یہاں ہر انسان کو اپنے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے ۔ آپ سوشل میڈیا پر جو بھی کہیں اس کا ایک ایک لفظ سوچ سمجھ کر بولیں کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ اس واقعے کے بعد میں نے طے کیا کہ میں میشا شفیع کو جھوٹا ثابت کروں گا اور یہ بھی ثابت کروں گا کہ آخر انہوں نے یہ الزامات لگائے کیوں ۔علی ظفر نے بتایا کہ وہ میشا شفیع کیخلاف یہ کیس جیت چکے ہیں اور عدالت نے میشا شفیع کا کیس خارج کردیا ہے ۔