پشاور( نیٹ نیوز ) نواز شریف کے بیانیے کے خلاف ایک اور سینئر لیگی رہنما نے علم بغاوت بلند کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے پی کے سینئر نائب صدر انتخاب چمکنی بھی پارٹی بیانئے کی مخالفت میں کھل کر سامنے آگئے ، انتخاب چمکنی نے پندرہ مسلم لیگی رہنماؤں کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی مسلم لیگی ہیں، پارٹی میں رہ کر اپنی بات کرینگے ، بیانیے میں ترمیم ہوسکتی ہے ، پارٹی قیادت پاکستان کی سالمیت اوربقا کے خلاف بیانات نہ دے ، اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارے نظریے کی بنیاد ہے ، حالیہ بیانیہ پارٹی کے نظریہ کی نفی ہے ، قیادت کا بیانیہ اداروں اور عوام کی شہادتوں کی تذلیل ہے ، قیادت کے حالیہ بیانات کا فائدہ بھارت اٹھارہاہے ، بے پناہ مسائل میں اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ پریس کانفرنس میں ن لیگ کے پی کے نائب صدر فضل اللہ داؤد زئی، نائب صدر ن لیگ کے پی مجیب خان، آرگنائزر عظمت خان، ضلعی صدر ن لیگ ذکااللہ ، ویمن ونگ کی نائب صدریاسمین بیگم اور ن لیگ ویمن ونگ کی سیکرٹری اطلاعات رابعہ سعید بھی موجود تھیں۔