پشاور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سی پیک کے منصوبوں میں صوبے کا ترقیاتی حصہ حاصل کرنے کیلئے متعلقہ فورم پر بات کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت صوبے کا جو حصہ دینے سے انکاری تھی ہم وہ حصہ حاصل کریں گے ۔ یہ صوبہ ن لیگ حکومت کے قول و فعل کے تضاد پر مبنی دھوکہ دہی کے مستقل رویے کا شکار رہا کیونکہ ن لیگ کی حکومت کہتی کچھ اور تھی اور کرتی کچھ اور رہی ۔پسماندہ علاقوں کو مزید پسماندہ بنانا اور پہلے سے محروم عوام کے ساتھ مزید نا انصافی کرنا اُس کا ایجنڈا تھا جس پر وہ ہمیشہ سے کاربند رہی ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پارلیمانی رہنمائوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفود نے وزیراعلیٰ کواپنے متعلقہ علاقوں کے مسائل خصوصاً صوبے میں سی پیک کے مفادات سے نظر انداز کئے گئے علاقوں سے آگاہ کیا۔ محمود خان نے کہاکہ وہ صوبے میں صنعتکاری ، زرعی شعبے کی ترقی ، سطحی اور زمینی آبی ذخائر کے بہترین استعمال اور پیداواری شعبوں کی توسیع پہلے سے پلان کر چکے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں زراعت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار، آئی ٹی سپیشلسٹ محمد شاہ، ڈاکٹر ساجد علی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔