لاہور (نیٹ نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے کرک کے نوجوان مشہود عالم بچپن سے ہی پارکور کے بیحد شوقین تھے ، پشاور کے اسلامیہ کالج کے برآمدے ہوں یا شہر کی دیگر عمارتیں مشہود نے ہر جگہ جسم کی منظم و مربوط لچک کیساتھ چھلانگیں لگانے اور رکاوٹیں عبور کرنے کا مظاہرہ کیا۔ یو ٹیوب آنے کے بعد مشہود نے مختلف ویڈیوز دیکھیں، 2014میں وہ امریکہ چلے گئے ،نوکری کی اور لاس اینجلس میں پارکور اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کی جہاں سے انہیں ہالی ووڈ میں جانے کا موقع ملا۔مشہود کو دی ایڈونچرز آف الادین،دا کیور، فاسٹر میں سٹنٹس مین کے علاوہ اداکاری کرنے کا موقع بھی ملا۔مشہود نے پارکور کے شوقین پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیا کہ محنت کریں، منزل کی فکر نہ کریں سب کچھ خود بخود ہو جائیگا۔مشہود نے بتایا کہ ایک انٹرنیشنل ایونٹ میں پارکو ورلڈ چیمپئن ڈی کے آئے تھے ، کئی کوششوں کے باوجود ان سے ایک ٹِرک ہو نہیں پایا، جس پر مجھے جوش آیا اور میں نے دوسری بار میں ہی وہ ٹِرک کر دیا۔