لاہور(رپورٹ : بابر علی) شدید گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کی جانب سے عید الاضحیٰ پر قربانی کے لئے جانوروں کی خریداری کا آغاز نہیں کیا گیا جبکہ انتظامیہ کی سست روی کی وجہ سے شاہ پور کانجراں منڈی کے علاوہ چھ سیل پوائنٹس کا قیام کے انتظامات تاخیر کا شکار ہو نے کا خدشہ ہے ۔ اس کے علاوہ موجودہ موسم چیچڑیوں کے لئے سازگار ہو نے کے باعث کانگو وائرس کے خطرات بھی موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث بیس دن رہ جانے کے باوجود عید کی رونقیں ماند ہیں ، شہری تاحال قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے شاہ پور کانجراں منڈی کا رخ نہیں کر رہے ،جس کی وجہ سے گلی محلوں میں جانور نظر نہیں آرہے ۔ اسی طرح انتظامیہ کی سست روی کی وجہ سے شاہ پور کانجراں منڈی جو ہ سارا سال فعال رہتی ہے کے علاوہ چھ عارضی سیل پوائنٹس کے قیام میں تاخیر کا خدشہ ہے ، شہر کے مختلف مقامات پر سیل پوائنٹس 2 اگست سے قبل قائم کر نے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ان چھ پوائنٹس جن میں رنگ روڈ لکھو ڈیر سبزی منڈی، پنجاب ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو، ڈی ایچ اے رہبرفیز الیون ہلوکی ڈیفنس روڈ، ڈی ایچ اے فیز نائن بالمقابل ہڈیارہ ڈرین نشاط مل، حضرت عثمان غنی روڈ سگیاں، حضرت علی روڈ سگیاں شامل ہیں پر انتظامات کے لئے 15کروڑ روپے کی لاگت سے سول ورک کر نے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ، جس کا ٹینڈر آج تک جمع کرایا جا سکتا ہے اور متعلقہ کمیٹی کی جانب سے آج ہی ٹینڈر کھولا جائے گا اور اگلے دن ورک آرڈر جاری کیا جائے گا، ٹینڈر کا عمل تاخیر کا شکار ہو نے کی وجہ سے سول ورک بھی وقت پر مکمل نہ ہو نے کا امکان ہے ، جس سے عارضی سیل پوائنٹس میں انتظامات متاثر ہوں گے ۔ دریں اثنائموجودہ موسمی صورتحال میں کا نگو وائرس کے خدشات بھی موجود ہیں ، حبس اور نمی کے حامل موسم چیچڑیوں کے لئے ساز گار ہے اس دوران جانور چیچڑیوں کے مسئلہ سے دوچار رہے ہیں جبکہ کانگو وائرس بھی مخصوص چیچڑیوں سے پھیلتا ہے ۔ اگر سیل پوائنٹس کے انتظامات بروقت مکمل نہ ہو ئے تو کانگو وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، ویکسی نیشن سمیت دیگر امور متاثر ہو سکتے ہیں۔