لاہور(نیوز رپورٹر )نان کسٹم گاڑیوں کے سکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز انسپکٹر وحید میو کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ اس حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے بتایا کہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے متعدد نان کسٹم گاڑیاں رجسٹرڈ کیں۔ ملزم چالاکی سے ایکسٹرنل ویریفکیشن کی جگہ آن لائن ویریفکیشن کا اندراج کر کے دھوکہ دہی سر انجام دیتا۔ ملزم محکمہ ایکسائز کے دیگر افسران اور اہلکاروں کی مدد سے سینکڑوں نان کسٹم گاڑیاں رجسٹر کر کے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔ایل ای ٹی 271-18، ایل ای بی 8982 -19، ایل ایس ای 2025-19،ایل ای ڈی 661-19،ایل ای ٹی 2772-19،ایل ای ایس 2769-19 اور دیگر کئی نان کسٹم گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن سامنے آچکی ہے جبکہ محکمہ ایکسائز میں ملزم کے چھ سہولت کاروں محمد عمران ، شاکر علی ، ضیغم ، محمد انور وغیرہ کیخلاف کارروائی شروع کر دی ۔ لاہور(حافظ فیض احمد)نان کسٹم پیڈگاڑیوں کی رجسٹریشن کیس میں گرفتار ایکسائز انسپکٹر وحید میوکی گرفتاری کے بعد ایکسائز موٹر برانچ میں ہلچل مچ گئی اور بعض ایکسائز عملہ سارا دن ایک دوسرے سے معلوم کرتے رہے کہ کیس میں ان کا نام شامل ہے یا نہیں ۔اینٹی کرپشن حکام نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ایکسائز سے مزید ریکارڈ مانگ لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فراڈ کیس میں آئندہ چند روز میں ایکسائز عملے کی مزید گرفتاریاں متوقع ہیں ۔ ذرائع کے مطابق محمد عمران نامی شہری نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے کاغذات ایکسائز انسپکٹر وحید میو کو فراہم ، اس کے عوض اپنا حصہ وصول کرتا تھا اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موٹربرانچ میں تعینات عملے نے وحید میو کی گرفتاری کے بعد یہ کہنا شروع کر دیا کہ ان کا فراڈ سے کوئی تعلق نہیں اور دوسری جانب اینٹی کرپشن حکام نے مذکورہ کیس میں محکمہ ایکسائز کے 5افسران کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لئے آج طلب کر لیا ۔