لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیراطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ نوا ز لیگ کے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے 35 سے 40سال درکار ہیں کیونکہ ان منصوبوں میں بھاری کمیشن کھایا گیا، منصوبے ادھورے چھوڑے گئے ،وسائل کی غلط تقسیم نے مالیاتی ڈسپلن تباہ کر کے رکھ دیا۔ سابق حکومت کی ترقی لاہور شہر کے چند علاقوں سے باہر نہیں نکلی، تحفظات کے باوجود سابق حکومت کے منصوبوں کو مکمل کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نواز لیگ نے آخری سال کو الیکشن سٹنٹ کے طور پر استعمال کیا، آخری سال کے دوران ن لیگی رہنماؤں نے 4کھرب کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا مگر ان کیلئے صرف55ارب جاری ہوئے ، ہم صوبے بھر کی یکساں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کرینگے ،تبدیلی آ رہی ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت میں ہی جنوبی پنجاب صوبہ بن کر رہے گا، آئندہ آئندہ 6ماہ میں حالات تیزی سے بہتری کی طرف جائیں گے ۔وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت کے مطابق میڈیا واجبات کی مد میں مزید4کروڑ 41لاکھ کے واجبات ادا کر دیئے گئے ۔حکومت اب تک مجموعی طور پر اشتہارات کی مد میں میڈیا کے اداروں کو ساڑھے 22کروڑ روپے ادا کر چکی ہے ۔میڈیا کے تعاون سے ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر عمران خان کی قیادت میں جاری رکھیں گے ۔