لاہور(پ ر ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے انکشافات سے پتا چلا کہ جب نواز شریف صاحب اور شہباز شریف صاحب 2000میں بکتر بند گاڑیوں میں پیشیاں بھگت رہے تھے ، اس وقت یہ لوہے کے چنے والی سرکار اور انکے بھائی پرویز مشرف سے ڈیل کر کے سینکڑوں کنال اراضی خرید کر اپنی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی بنیاد ڈال رہے تھے ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا لوہے کی چنے والی سرکار کا خیال تھا کہ ہم گندم کھاتے اور عوا م اورتحقیقاتی ادارے گھاس چرتے ہیں جنہیں انکی چالاکیوں، مکاریوں اور عیاریوں کے بارے میں پتا نہیں چلے گا۔ وہ دور تو مکمل طور پر آمریت کا تھا، اس دور میں کیا خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق فوجی آمر کیساتھ بارگین کئے بغیر یہ کاروبار کر سکتے تھے ۔گزشتہ اٹھارہ سال سے انکی بڑھکیں سن کر کان پک گئے ہیں کہ ہم نے پرویز مشرف اور فوجی آمریت کیخلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔خواجہ برادران کی چیخیں نکلناسمجھ میں آتا ہے ، دراصل انہیں قیصر امین بٹ کے وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد اپنا انجام نظر آرہا ہے ۔ ماڈل ٹاؤن سانحہ پر اب ایک آزاد اور غیر جانبدار جے آئی ٹی بن گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا خواجہ سعد رفیق نے جنرل سیکرٹری بنانے پر تحریک انصاف میں آنے کی پیشکش کی اور مسلم لیگ ن چھوڑنے کا کہا تھا۔ یہ چاہتے ہیں میٹر ریڈر والی، لوہے کے چنے والی اور سری پائے والی سرکار ہو۔