لاہور (جنرل رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر،نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کو 16روز بعد سروسز ہسپتال لاہور سے ڈسچارج کر کے جاتی عمرہ رائیونڈ منتقل کر دیا گیا،چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد مریم نوازبھی والد کے ہمراہ ہسپتال سے اپنی رہائشگاہ گئیں۔روبکار کی کاپی مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ سلمان سرور نے وصول کی، روبکار احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج امجد نذیر چوہدری نے جاری کی جبکہ لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے عدالت میں کروڑ کروڑ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائے ،مریم نواز کی رہائی کی روبکار جاری ہونے کے بعد اسے کوٹ لکھپت جیل لے جایا گیا جہاں سے ڈی ایس پی ، کیپٹن(ر) صفدر ، عطائتارڑ روبکار لیکر سروسز ہسپتال پہنچے ۔ہسپتال سے روانگی کے وقت نواز شریف خود چل کر گاڑی میں سوار ہوئے ۔ روانگی کے وقت نوازشریف نے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں نے میرا علاج کیا جس پر میں آپ کا مشکور ہوں۔نوازشریف کو سروسز ہسپتال سے ایمبولینس کے میڈیکل کور میں ایک دوسری گاڑی میں روانہ کیا گیا۔نواز شریف کیلئے جاتی عمرہ میں انتہائی نگہداشت یونٹ کی طرز پر خصوصی کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے ،ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنا ن خان کی سربراہی میں شریف میڈیکل ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈبھی قائم کیا گیا ہے ۔سروسز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی ان کا دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مستقبل میں ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم کو انہیں دی جانے والی ادویات اور ٹیسٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔اس موقع پر شہباز شریف ، مریم نواز، کیپٹن (ر )صفدر اور دیگر اہل خانہ بھی موجو دتھے ۔میڈیکل بورڈ نواز شریف کا طبی معائنہ بھی کیا اور سابق وزیر اعظم کومیڈیکل سٹی جانے پر آگاہ کیا۔نواز شریف کی تازہ سی بی سی رپورٹ کے مطابق ا ن کے پلیٹ لیٹس دو ہزار کی کمی کے بعد 28ہزار رہ گئے ۔ان کی شوگر بھی کنٹرول نہیں ہوسکی۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے دوبارہ خون کے نمونے لئے اورسروسزہسپتال کی آخری رپورٹ بھی شریف فیملی کو دی۔ نواز شریف کو ڈسچارج کرنے کے بعد ان کا عملہ گھر سے لایا گیا بیڈ واپس لے گیا ۔ نواز شریف کی ایمبولینس ہسپتال سے باہر آتے ہی کارکنوں نے شیر شیر کے نعرے لگائے او رپھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔نواز شریف اوردیگر اہلخانہ کو انتہائی سخت سکیورٹی میں جاتی عمرہ پہنچایا گیا،جاتی عمرہ میں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا ۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا نوازشریف کے علاج کیلئے ان کی رہائشگاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)قائم کردیاگیاجبکہ صحت کی نازک صورتحال کے باعث ڈاکٹرز نے ان سے ملاقاتوں پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے ،ڈاکٹروں نے مریم نوازکو والد کی صحت کے حوالے سے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ،آئی سی یو میں وینٹی لیٹر(مصنوعی تنفس)اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی ہے ، نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کم ہونے کے باعث انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے ،ڈاکٹروں نے طبی خطرات کے پیش نظر نوازشریف کے لئے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔جاتی عمرہ میں پارٹی قائد کی جلدصحت یابی کے لئے دعائیں کی گئیں اور شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے ۔صدرن لیگ ملک پرویز ،خواجہ عمران نذیر نے کہاعمران خان کو مشرف کے حالات سے عبرت حاصل کرنی چاہیے ،وہ بھی مکے دکھا کر سیاسی مخالفین کو ڈرایا دھمکایا کرتے تھے ،انہیں جعلی مینڈیٹ دیا گیا۔