کوئٹہ(نیٹ نیوز)بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کو بے شمار مسائل درپیش ہیں مگر میں نے ہمیشہ اپنی کمیونٹی کو حالات سے لڑتے ہوئے دیکھا ہے ، حالات چاہے جتنے بھی خراب ہوں ہمیشہ ہماری نوجوان نسل اپنے لیے راستہ تلاش کر لیتی ہے ۔یہ الفاظ ہیں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی فروا بتول کے جنھوں نے اس برس سنٹرل سپیرئیر سروس یعنی سی ایس ایس کے امتحان میں بلوچستان میں پہلی اور پاکستان میں نویں پوزیشن حاصل کی ہے ۔فروا اپنے والدین کی سب سے بڑی اولاد ہیں اور ان سے چھوٹے دو بھائی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ میں اپنی کامیابی کا سارا کریڈٹ اپنے والدین کو دوں گی جنھوں نے مجھے اس قابل بنایا ۔ 2018 میں لاہور سے اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس میں گریجو ایشن مکمل کی جس کے بعد بینکنگ سیکٹر جوائن کیا۔فروا کا کہنا ہے کہ سول سروس جوائن کرنے کا ارادہ گریجوایشن کے بعد بنا۔میں نے اپنے لیے اس متحان کو جینے مرنے کا معاملے بنا لیا تھا ۔ مستقبل کے لیے میرا مقصد یہی ہے کہ پبلک آفس کی جو ذمہ داری مجھے دی جائے گی، میں اس کے ساتھ انصاف کر سکوں۔وہ کہتی ہیں کہ زندگی میں انسان کو کچھ بھی حاصل کرنا ہو تو اس کے لیے ایمانداری بہت ضروری ہے ۔