شیخوپورہ،نارووال،لاہور،فیصل آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ 92نیوز،سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے حکومت اگر نواز شریف کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کرنے کے لئے خط لکھے گی تو ہم اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ، دوبار عدالت سے معافی مانگنے والی فردوس عاشق اعوان کو پھر توہین عدالت کی معافی بھی نہیں ملے گی۔مریدکے میں ہائوسنگ سوسائٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب ، میڈیا سے گفتگواورنارووال میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہمارے دور میں پاکستان سرمایہ کاری مقناطیس تھا مگر آج وزیر اعظم ہاتھ میں کشکول پکڑ کر بھکاری بنا بیٹھا ہے اور عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں، سیاست میں جو عمران خان کا کرونا وائرس داخل ہوااس کو ختم کرکے دم لیں گے ،عمران خان نے نیب کو احتساب کی جگہ مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا ادارہ بنا دیا،تاریخ میں پہلی بار چوری کرنے کے بجائے ترقیاتی کام کرانے پر جیل بھیجا جا رہا ہے مگرہم غربت کے خاتمہ کیلئے بار بار جیل جانے کے لئے تیار ہیں،گزشتہ انتخابات میں عالمی سازش کے تحت دھاندلی کرائی گئی تاکہ پاکستان کی ترقی کو تنزلی کی طرف دھکیلا جا سکے ،پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس اس عالمی سازش کا منبع ہے اور اس کیس کے فیصلے کے بعد پاکستان کو کمزور کرنے والے سازشی بے نقاب ہوں گے ، ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں ملکی معاملات چلانے کے لیے ایٹمی پروگرام رول بیک کرنے کی شرط پر قرض لینا پڑے ، مسلم لیگ ن حکومت کو آئندہ بجٹ پیش کرنے کا موقع دینے کی خواہشمند ہے تا کہ اس کا فیل شدہ پرچہ عوام کے سامنے آ سکے ، اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس بلا کر کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن اور بھارت میں مسلم کش اقدامات پر مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے ۔ سینیٹر مصدق ملک نے افغان امن معاہدے پر عمران خان کے کردار کے بارے سوال پر لطیفہ سناتے ہوئے کہا عمران خان کا کردار کسی کا رشتہ کرانے میں کھانے کے لیے نان فراہم کرنے والے جتنا ہے ۔فیصل آباد میں یوتھ کنونوشن سے خطاب میں رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا عمران خان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے ہیں، نااہل حکمرانوں نے عوام سے دووقت کی روٹی بھی چھین لی جبکہ ان کی اپنی اے ٹی ایم بھر رہی ہے ،ہم اپوزیشن کے ساتھ ہیں،شہباز شریف جلدپاکستان آرہے ہیں جس کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی،پاکستان کے حقیقی حکمران نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہیں،نواز شریف علاج مکمل ہوتے ہی واپس آئیں گے ۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا نوازشریف کی صحت پر آٹا چور اور چینی چور مافیا سیاست کررہا ہے ، نوازشریف کی تمام رپورٹس پنجاب حکومت کو فراہم کی ہیں۔