لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خصوصی نمائندہ، 92 نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون اورمشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔چینی ڈاکٹروں اور ماہرین کی جانب سے کورونا وباکی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت کے موثر اقدامات کوسراہاگیا۔ چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علا ج معالجہ کے ایس او پیز کوموثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومت کے اقدامات بارآور ثابت ہوں گے ۔چینی ڈاکٹروں نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی شیئر کئے ۔چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کہا کہ گرمی میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔چینی وفد نے کہا کہ سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔کم ازکم 28دن کیلئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور 28دن کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن کی پابندیاں صورتحال دیکھ کر نرم کی جاسکتی ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو چینی ڈاکٹروں اورماہرین کے کورونا وائرس سے بچاؤ اورعلاج معالجے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے جوہر ٹاؤن میں ایل ڈی اے آفس کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ایل ڈی اے آفس کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کاآغاز کیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ایل ڈی اے کی طرف سے پودوں کی افزائش کی نگرانی کے لیے تیار کی جانیوالی موبائل ایپلیکیشن ’’گو گرین‘‘ کاافتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کواپنے کنٹرولڈ ایریا میں 15 اپریل تک تین لاکھ پودے لگانے کاہدف دیاگیاہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایل ڈی اے آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایل ڈی اے کے پراجیکٹس پر پیش رفت،شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستیں آن لائن وصول کرنے کیلئے انصاف پورٹل جلد از جلد لانچ کردیا جائے تا کہ شہری گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرواسکیں ۔فردوس مارکیٹ انڈرپاس کاسنگ بنیاداس ماہ کے آخر میں اس منصوبے پر 2ارب روپے لاگت آئے گی۔برکت مارکیٹ سے جناح ہسپتال تک سنگل فری کوریڈوربنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گلبرگ سے بابو صابو موٹروے تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کرنے کا جائزہ لیا جائے ۔شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک جی ٹی روڈ پر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے وزیراعظم پاکستان سے درخواست کی جائے گی۔مون سون سے پہلے لارنس روڈ اور شاہراہ قائد اعظم پر نکاسی آب کیلئے مکمل کئے جانے والے منصوبوں پر رکا ہوا تعمیراتی کام بلا تاخیر دوبارہ شروع کر دیا جائے ۔ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحق پرانی سبزی منڈی کی اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنایاجائے ۔لاہورکے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔