لاہور(اشرف مجید)لاہورمیٹرو بس سسٹم کے لئے نئی بسوں کا ٹینڈر ویڈا (VEDA)کمپنی نے سب سے کم ریٹ دے کر حاصل کر لیا ہے ،پنجاب حکومت آئندہ نئی میٹرو بسوں کو 304روپے فی کلو میٹر کے حساب سے سبسڈی دے گی۔ذرائع کے مطابق لاہور میں میٹرو بس سسٹم چلانے والی غیر ملکی کمپنی البیراک کا اگلے ماہ ستمبر میں معاہدہ ختم ہو رہا ہے اس ضمن میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو میٹرو بس سسٹم لاہور کے لئے بڈ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی جس میں تین کمپنیوں نے حصہ لیا جس میں البیراک کی جانب سے 324روپے فی کلو میٹر کے حساب سے بڈ جمع کرائی گئی تھی ،ڈائیوو بس کمپنی کی جانب سے 350روپے جبکہ ویڈا کی جانب سے 304روپے فی کلو میٹر کے حساب سے میٹرو بسوں کو چلانے کے لئے بڈ جمع کرائی تھی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنی 165دنوں میں لاہور میں نئی میٹرو بسیں چلانے کی پابند ہو گی اور جب تک لاہور میں نئی میٹرو بسیں چل نہیں جاتیں اس وقت تک پہلے سے میٹرو بسیں چلانے والی کمپنی اپنی بسوں کو چلاتی رہے گی اس حوالے سے انکے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا ۔