کراچی(این این آئی)کنٹرول لائن پر فائرنگ اور کشیدگی کم ہوئی نہ پاک بھارت سیاسی تعلقات بہتر ہوئے لیکن نئے پاکستان میں دونوں ملکوں کی باہمی تجارت میں ریکارڈ 54 فیصد اضافہ ہو گیا۔تفصیل کے مطابق دسمبر کے دوران پاک بھارت باہمی تجارت کا حجم 22 کروڑ 99 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ دسمبر سے 54.3 فیصد اور اس سال نومبر سے 25 فیصد زیادہ ہے ، دسمبر کے دوران بھارت سے درآمد کی جانیوالی اشیا کی مالیت 67 فیصد اضافہ سے 19 کروڑ 84 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ تاہم بھارت کو برآمدات کا حجم صرف 3.8 فیصد اضافہ سے 3 کروڑ 14 لاکھ ڈالر رہا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پاک بھارت تجارت کا مجموعی حجم ایک ارب 7 کروڑ 87 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال سے 39 فیصد زیادہ ہے تاہم اس دوران بھارت کو برآمدات میں صرف 3 فیصد اور بھارتی درآمدات میں 29 فیصد اضافے کے باعث 6 ماہ میں پاکستان کو باہمی تجارت میں 65 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ سال سے 40 فیصد زیادہ ہے ۔کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات میں اضافے کے بعد 2017 میں باہمی تجارت 5 فیصد کم ہو گئی جبکہ مالی سال 2018 میں تجارت میں صرف 6 فیصد اضافہ ہوا لیکن حکومت کی تبدیلی کے بعد بھارت کیساتھ کاروبار میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔