لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں) نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے اثاثوں کی منتقلی و فروخت کو روکنے کے لئے متعلقہ بینکوں کو جلد خطوط لکھے جائیں گے ۔ادھرمسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کمر کی تکلیف کے باعث چودھری شوگر ملز اور ایل ڈبلیو ایم سی کیسز میں گزشتہ روز نیب میں پیش نہ ہوئے تاہم ان کے نمائندے نے نیب ہیڈ کوارٹرز جا کر سوالنامے کے جوابات جمع کرا دئیے ۔ تحریری جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہبازشریف کا 20 اگست کو کا طبی معائنہ ہوا تھااورمعالج نے دس دن مکمل آرام کی ہدایت کی تھی، شہباز شریف کو یوم آزادی کی تقریب کے دوران دھکم پیل میں کمر پر چوٹ آئی تھی۔شہباز شریف اپنی طبی کیفیت کے پیش نظراے پی سی میں شریک ہوسکے نہ ہی نواز شریف سے ملاقات کر سکے ۔ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر جا کر انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں نیب کی ٹیم 29اگست کو صبح گیارہ بجے ان کی رہائشگاہ جائے گی ۔دوسری جانب پنجاب یوتھ فیسٹیول کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود خان نیب لاہور کے روبروپیش ہوئے ، تفتیشی ٹیم نے ان سے ایک گھنٹہ پینتالیس منٹ تک پوچھ گچھ کی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لیگی رہنما اور ایم پی اے چودھری شہبازبھی نیب لاہور میں پیش ہوئے ۔نیب نے ان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں سوال نامہ بھیجا تھا۔