ملتان ( سٹا ف رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ100 روز میں عوام 100 گنا زیادہ مشکلات کا شکار ہوئے ہیں۔ احتساب سب کا ہونا چاہئے ، اس ملک کو سب نے مل کر بہت بری طرح لوٹا ہے احتساب کے معاملہ پر نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم ، آصف زرداری ، حمزہ شہباز ، سلمان رفیق جیسے لوگوں کو پکڑ لیا جاتا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ جس سیاسی جماعت کو مارنا چاہتے ہیں وہ اسی طرح کھڑی ہے ، لوگ سیاسی لیڈروں کی اولاد کو ہی ووٹ دیتے ہیں، ہمارے ہاں پہلے مارشل لا پھر کنٹرول جمہوریت آتی ہے ، عمران خان کو تھوڑے اختیارات دے دیں ذمہ داری ان کی ہے ، میں اپنے ذاتی تجربے کی بنیاد پر کہتا ہوں نیب کبھی احتساب کے لئے بنا ہی نہیں تھا، میں نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ یہ نیب نہیں عیب ہے ، سیاست کرنی ہے تو اس کو کاروبار نہ بنایا جائے ، ایف آئی اے جس گواہ کو میرے خلاف عدالت میں لایا اس نے کہا کہ مجھے زبردستی لایا گیا ہے اس گواہ نے مجھ سے معافی مانگی،انہوں نے کہا کہ نیب سے پارٹیاں توڑنے اور پارٹی بنانے کا کام لیا جاتا ہے ، پہلے مسلم لیگ ن کو نیب کے ذریعے ختم کیا اب دوبارہ کیا جارہا ہے ،سیاسی لیڈر جیل جاتے ہیں ماریں کھاتے ہیں لیکن ختم نہیں ہوتے ۔ انہو ں نے کہا کہ آئندہ ہونے والی میزائل جنگوں میں سب نے اپنا ٹارگٹ پاکستان کو بنا رکھا ہے ، ہم ردالفساد لڑ رہے ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں کو پناہ دیئے ہوئے ہیں،امریکہ سامنے آکر کھڑا ہو گیا، انڈیا ہمارا دشمن ہے ، مودی الیکشن ہار جائے گا مگر کوئی دوسرا آئے گا وہ پاکستان کا زیادہ دشمن ہو گا ۔