لاہور(نامہ نگارخصوصی )شریف برادران کی برادرز شوگر ملز کے سابق سی ای او میاں بشیر نے نیب نوٹسز لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیئے ۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے گنے کے کسانوں کو عدم ادائیگی سے متعلق انکوائری شروع کی گئی ہے ،شوگر ملز کی جانب سے ادائیگی کا معاملہ نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہے ، کسانوں کو ادائیگیوں سے متعلق عدالت عظمیٰ فیصلہ جاری کر چکی ہے لہذا درخواست گزار کے خلاف نیب انکوائری کالعدم قرار دیکر نوٹسز منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے ۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے رکن پنجاب اسمبلی سبطین خان کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلا کو حتمی بحث کیلئے 5 اگست کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ نے صاف پانی کمپنی کے سابق کنٹریکٹ انجنیئر مسرور احمد کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلاء کو 20 اگست کو بحث کے لیے طلب کر لیا ۔