لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان علمائکونسل لاہور کے تحت ہونے والے علمائو مشائخ کنونشن میں مقررین نے کہا ہے ملک بھرمیں یکم تا 30 مارچ ایک قوم ایک منزل (امن ، اخوت ، اعتدال) کے عنوان پر اجتماعات ہوں گے ، آپریشن ردالفساد کی کامیابی پاکستانی قوم اور فوج کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی واضح دلیل ہے ، قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کرایا جائے ، سعودی عرب نے خشوگی قتل کے معاملہ پر عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا ، وزیر اعظم عمران خان نے ناموس رسالت و عقیدہ ختم نبوت کی چوکیداری اور سری لنکا کے مسلمانوں کے مسئلہ کو حل کرا کر امت مسلمہ کے دل جیت لیے ہیں، مدارس عربیہ کیلئے نئے امتحانی بورڈز کا فیصلہ درست سمت قدم ہے ، وقف املاک ایکٹ پر علما ئے کرام کو جلد خوشخبری دینگے ، ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔کنونشن کی صدارت مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔کنونشن سے مولانا اسعد زکریا ، علامہ عبد الحق مجاہد ، قاضی مطیع اللہ سعیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ طاہر اشرفی نے کہا علمائو مشائخ ، آئمہ و خطباکے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر ہر سطح پر رابطہ کار مقرر کر رہے ہیں، مدارس و مساجد کی رجسٹریشن ، بنک اکاؤنٹس اور دیگر امور نئے تعلیمی سال سے قبل حل کریں گے ، انٹرفیتھ ہارمنی کونسلز کی 30 رکنی مرکزی کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا،امت مسلمہ کے بڑھتے مسائل کے حل کیلئے فوری اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔