پشاور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگلے سال 3 ہزار نئی کیبل بچھا رہے ہیں اس کیبل پر کنڈانہیں لگایا جاسکے گا ،پیسکو کا تھرڈ پارٹی کے ساتھ آڈٹ کرینگے ،سٹاف کی ملی بھگت سے اضافی بلوں کا مسئلہ بھی درپیش ہے ،جہاں سے لائن لاسز کی صورتحال میں بہتری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کرنے والے صارفین بھی بدقسمتی سے بجلی چوری اورلائن لاسزکی وجہ سے ہونے والی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہو رہے ہیں،ہمیں اطلاعات ہیں کہ محکمہ کے کچھ اہلکاروں کا بجلی چوروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے ،ان اہلکاروں کے خلاف بھی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اوراسے کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیاجائیگا۔گزشتہ روز سی ایم ہاؤس پشاورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے کنڈا مافیا کاخاتمہ کر دیں گے جہاں لوگ کنڈا لگاتے ہیں وہاں پر فوری میٹر نصب کیا جائے گا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے معاملات زیر بحث لائے گئے ہیں ،بجلی جیسے اہم ایشو پر پی ٹی آئی کے ارکان کے ساتھ سیر حاصل بحث ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اگلے سال 3 ہزار نئے کیبل کا منصوبہ لایا جا رہا ہے جس سے کنڈا کلچر پر قابو پایا جاسکے گا ۔